اسلام آباد :اسلام آباد میں صفائی کا زیرو ویسٹ آپریشن جدید ڈرون کیمروں کی مدد سے جاری ہے

0

اسلام آباد  ،06جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی کا زیرو ویسٹ آپریشن بھرپور کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس کی نگرانی پاکستان میں پہلی بار جدید ڈرون کیمروں کی مدد سے کی جا رہی ہے۔قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے تمام سیکٹرز اور دیہی علاقوں میں بیک وقت صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے چیئرمین محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور اسسٹنٹ کمشنرز خود فیلڈ میں موجود رہ کر عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد کے شہریوں نے صفائی آپریشن کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ عرقِ گلاب، فنائل اور چونے کا اسپرے بھی جاری ہے تاکہ تعفن اور بیماریوں سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

سی ڈی اے کے 2500 سے زائد ملازمین اور 250 سے زائد گاڑیاں شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے عمل میں مصروف عمل ہیں۔ اس مقصد کے لیے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے شہر بھر میں 107 گڑھوں کی کھدائی 55 مختلف مقامات پر کی گئی ہے۔

شہریوں میں 2 لاکھ بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگز مفت تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ آلائشوں کو محفوظ طریقے سے اکٹھا کیا جا سکے۔ یہ بیگز سی ڈی اے کے مقرر کردہ نمائندوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں جو اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں موجود ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جانوروں کو گلی محلوں میں ذبح کرنے سے گریز کریں اور اجتماعی قربان گاہوں کو ترجیح دیں۔صفائی کی شکایت کی صورت میں شہری درج ذیل ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں: 1334، 92139080، 9203216، 9211555صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے دو ایمرجنسی سیل بھی قائم کیے گئے ہیں، جو عید کے دوسرے اور تیسرے دن بھی مکمل فعال رہیں گے۔