اسلام آباد،15 جون ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ہر شہری کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنا ان کا ہدف ہے۔ پانی ہماری زندگیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس اہم وسائل کے تحفظ کی فوری ضرورت ہے جبکہ اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی سی ڈی اے کی ترجیح ہے اور ہم اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے اپنی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد واٹر ایجنسی کے قیام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد واٹر ایجنسی کو آبی ماہرین، جدید آلات اور تربیت یافتہ افرادی قوت سمیت تمام ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد واٹر ایجنسی ہمارے پائیدار آبی مستقبل کے ویژن کی عکاس ہے اور ہم اس کے انتظامی اور گورننس ڈھانچے کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں تاکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی آبی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کیا جاسکے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے، ایم سی آئی، آئی سی ٹی اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ پانی کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، پانی بچانے والے آلات استعمال کرکے اور پانی کے استعمال میں احتیاط برت کر پانی کے ضیاع کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہم اجتماعی طور پر اس سلسلے میں اہم تبدیلی لاسکتے ہیں۔
اجلاس کے دوران متبادل آبی ذرائع اور پانی کی تقسیم کے نیٹ ورک کی جدید کاری سمیت مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے مختلف فزیبلٹی اسٹڈیز پر کام کر رہا ہے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔









