اسلام آباد، 7 جون (اے پی پی:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی نگرانی میں عیدالاضحی کے دوسرے روز بھی قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کے لیے زیرو ویسٹ آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
اسلام آباد میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے کی جانب سے 2500 سے زائد عملہ، 250 سے زائد گاڑیاں اور بھاری مشینری متحرک ہے۔ پاکستان میں پہلی بار صفائی آپریشن کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ عرق گلاب، فنائل اور چونے کے چھڑکاؤ کا عمل بھی جاری ہے۔
شہری صفائی سے متعلق شکایات کے لیے سینی ٹیشن ہیلپ لائن 1334 یا فون نمبرز 9213908، 9203216، 9211555 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، شکایات واٹس ایپ یا ایس ایم ایس کے ذریعے 0335-5001213 پر بھی بھیجی جا سکتی ہیں۔











