اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے برطانوی ہائی کمشنر  کی ملاقات

2

اسلام آباد، 19 جون(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا  کہنا تھا  کہ پاکستان-برطانیہ تاریخی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی تعاون ناگزیر ہے،پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، اسپیکر نے پارلیمانی روابط کو باہمی ہم آہنگی کے لیے کلیدی قرار دیا،پاکستان کی پارلیمنٹ ہاؤس کو دنیا کی پہلی “گرین پارلیمنٹ” ہونے کا اعزاز حاصل ہے،پارلیمنٹ آف پاکستان کی عمارت کو 2015 میں شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا،پارلیمانی انٹرنشپ پروگرام میں انرولمنٹ کے لیے 60 ہزار سے زائد نوجوانوں نے دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال جون میں شروع ہونے والے ‘سمر انٹرنشپ پروگرام’ میں 200 طلبہ کو انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا گیا،نوجوانوں کو جمہوری عمل سے روشناس کرانے کے لیے پارلیمانی تربیت ناگزیر ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق  کا کہنا تھا کہ شفافیت کو فروغ دینے کے لیے قومی اسمبلی کے  1400 سے زائد ملازمین کے انٹرویوز خود کیے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان-برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ پارلیمانی تعاون کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے،برطانوی ہائی کمشنر نے پارلیمانی اصلاحات اور نوجوانوں کی شمولیت کے اقدامات کو سراہا۔برطانوی ہائی کمشنر  جین میریٹ نے پاکستان کی گرین انرجی اصلاحات پر اظہارِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قانون سازی کے معیار میں بہتری لانے کے لیے دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے تجربات کا تبادلہ اہم ہے،برطانیہ تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔