اسلام آباد، 03 جون (اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور بامعنی مذاکرات کے آغاز میں تعمیری کردار ادا کرے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ میں امریکا کی قائم مقام مستقل مندوب سفیر ڈوروتھی شی سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں دیرپا استحکام صرف باہمی احترام، برابری اور سنجیدہ سفارتی رابطوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر فوری اور غیر ذمہ دارانہ الزام تراشی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے الزامات نہ صرف زمینی حقائق سے لاتعلقی کا اظہار ہیں بلکہ یہ خطے کے امن کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور عالمی برادری کو اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کے بیانیے کو سنجیدگی سے سننا ہوگا۔
انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ محض سیزفائر کی حمایت تک محدود نہ رہے بلکہ تنازعات کے مستقل حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے میں عملی کردار ادا کرے۔
نو رکنی اعلیٰ سطحی پاکستانی پارلیمانی وفد، جس میں وزرا، سابق وزرا اور ارکانِ پارلیمنٹ شامل ہیں، ان دنوں امریکا کے دورے پر ہے جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم اور متحرک مرحلے کا حصہ ہے۔











