ملتان 11جون )اے پی پی):اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی جانب سے بیرون ممالک میں مقیم وفات پانے والے پاکستانیوں کے ورثاء میں 4 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے امدادی چیک تقسیم کیے گئے ۔ اس سلسلے میں تقریب ریجنل آفس ملتان میں منعقد ہوئی۔ ریجنل ہیڈ منظر حسین اور ان کی ٹیم کے ممبران ڈپٹی ڈائریکٹر محمد جواد۔ انچارج شکایات سیل رانا محمد ماجد ۔سپرنٹنڈنٹ محمد اکبر اسسٹنٹ ویلفیئر آفیسر رانا اشفاق محمود اور محمد ریاض نے بیوگان اور والدین میں چیک تقسیم کیے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ امدادی چیک وفات پانے والے پیارے رشتہ داروں کا مداوا تو نہیں لیکن یہ چیک او پی ایف کی طرف سے عطیہ ہیں انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا جو کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے چیئرمین ہیں ان کے ویژنری رول کے تحت یہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔ اور ایسی 38 بیوگان یا ایسے والدین جن کے شوہر یا بیٹے فوت ہوئے ہیں کہ جو بیرون ممالک میں بسلسلہ روزگار مقیم تھے اور وہ اوور سیز پاکستانیز سے رجسٹرڈ بھی تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی نے وفات پانے والے 38 اوورسیز پاکستانیز کے پسماندگان کیلئے 4 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کے چیک اجراء کا حکم جاری کیا ۔ ورثاء کی باقاعدہ دستاویزی و دیگر مصدقہ ذرائع سے تصدیق تصدیق کے بعد حقدار ورثاء کے نام چیک جاری کیے گئے اور آج تقسیم کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رہنمائی کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ وہ او پی ایف سے اپنی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں تاکہ کسی ناخوشگوار ناگہانی صورتحال میں ادارہ ان کی معاونت کیلئے شانہ بہ شانہ کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا اور ایم ڈی محمد افضال بھٹی کا یہ پیغام بھی پہنچایا کہ او پی ایف بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے وطن عزیز رہائشی پلاٹوں کی خریدوفروخت یا قبضہ کے مسائل میں بھی بھرپور معاونت کرتا ہے اور اثاثہ جات کے تحفظ میں بھی بھرپور تعاون کر رہا ہے ۔