ایران پر اسرائیل کی غیر قانونی اور بلاجواز جارحیت کی شدید مذمت : قومی اسمبلی میں متفقہ قرار داد منظور

2

اسلام آباد، 13 جون  )اے پی پی):قومی اسمبلی میں ایک متفقہ قرار داد منظور کی گئی جس میں ایران پر اسرائیل کی غیر قانونی اور بلاجواز جارحیت کی شدید مذمت کی گئی جس کے نتیجے میں ایران کے عوام کے جان و مال کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ قرار داد سید نوید قمر نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے نہ صرف اقوام متحدہ کے رکن ملک کی خود مختاری اور سا لمیت بلکہ بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں اور اقوام متحدہ کے منشور کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔

ایوان نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی جانب سے مسلسل جارحیت نے نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے جس کے نتائج کا ذمہ دار اسرائیل ہوگا۔

ایوان نے کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا حق حاصل ہے۔قومی اسمبلی میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

ایوان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس فوری طور پر بلوانے پر زور دے تاکہ ایران پر جارحیت فوری طور پر رکوائی جائے۔