ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وفد کے ملاقات

2

ملتان 27جون)اے پی پی)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے  ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اظہر خان مغل ایڈوکیٹ کر رہے تھےجبکہ ہائیکورٹ بار کے سابق صدرسجاد حیدر میتلا ایڈوکیٹ، سید جنید ممتاز  ایڈوکیٹ اور حمزہ سانگی ایڈوکیٹ بھی وفد میں شامل تھے۔

صدر ہائیکورٹ بار اظہر مغل نے جنوبی پنجاب کے وکلاء اور بار ایسوسی ایشنز  کے مسائل سے آگاہ کیا اور ضلعی کچہریوں میں پارکنگ، سیکیورٹی اور صفائی کے ایشوز بارے بتایا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری قائم کرنے میں میں وکلاء کا کردار قابل تحسین ہے۔وکلاء عوام کو انصاف دلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہائیکورٹ بار ملتان وکلاء کے حقوق کے لئے بہت متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز اور انتظامیہ کے مابین مضبوط تعلقات قانون کی عملداری کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جنوبی پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کیا جائے گا اور وکلاء اور انتظامیہ کے مابین روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔