بجٹ کو حقیقی معنوں میں عوامی اور وفاقی ہونا چاہئے: آصفہ بھٹو زرداری

15

اسلام آباد 19 جون ( اے پی پی(:پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ کو حقیقی معنوں میں عوامی اور وفاقی ہونا چاہئے، ملک کے پسماندہ اور غریب عوام تک وسائل کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

 قومی اسمبلی میں بروز جمعرات  بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے وطن کا دفاع کرنے والی افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشکل حالات میں بلاول بھٹو زرداری نے مشکل حالات میں عالمی سطح پر پاکستان کی شاندار انداز میں نمائندگی کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ تاریخ میں مشکل صورتحال پیش آئی تو ملک کی ہر عورت، بچہ اور جوان ملک کے دفاع کیلئے آگے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بجٹ مالیاتی امور سے متعلق ہوتا ہے، ملک میں غریب آدمی اور غریب طبقات مشکل صورتحال سے دوچار ہیں انہیں زندگی کی بنیادی ضروریات بھی دستیاب نہیں ہیں۔

44فیصد  بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ایمرجنسی کے تحت ہمیں تعلیم کا بجٹ بڑھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سولر پینلز پر ٹیکس کا کوئی جواز نہیں بنتا، ہمیں بڑے شرم سے بات کرنی پڑ رہی ہے کہ 2025 میں ملک کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا سوشل سیکٹر پروگرام ہے۔ حکومت کی طرف سے اس میں 21 فیصد اضافہ لائق تحسین ہے، ملک کی خواتین آبادی کا نصف حصہ ہیں، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے حقیقی کوششوں کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے خصوصی طور پر سندھ کو اس سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ

 21 لاکھ گھر سیلاب سے متاثرہ ہیں  ۔لوگوں کا بے پناہ جانی اور مالی نقصان ہوا، بجٹ حقیقی معنوں میں عوامی اور وفاقی ہونا چاہئے۔