اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بروز منگل قومی اسمبلی میں کٹوتی کی تحاریک پربحث کوسمیٹتے ہوئے کہاکہ جاری مالی سال کے دوران ملکی برآمدات 30.3 ارب ڈالرریکارڈکی گئی ہے، پاکستان پانچ سال کے دوران پہلی مرتبہ ریکارڈ باسمتی چاول برآمد کر رہا ہے، چاول کے دیگر اقسام کی برآمدات گزشتہ سال کی سطح پر ہے، پاکستانی برآمد کنندگان کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے وزارت تجارت کے ساتھ مل کرچاول کی برآمدات کے حجم میں اضافہ کو ممکن بنایا۔
انھوں نے کہا کہ ماضی کے فری ٹریڈ معاہدوں کا جائزہ لے رہے ہیں پہلی بار زراعت کے شعبے میں فوڈ ٹیک کی بات چل رہی ہے۔
جام کمال نے کہا کہ تجارت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے جوپالیسی بنائی جارہی ہے اس کیلئے بھرپور انداز میں کام ہو رہا ہے، نئی پالیسی میں عملی اقدامات پرتوجہ دی جارہی ہے، نئی پالیسی میں تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جارہی ہے۔تجارت اوربرآمدات میں اضافہ کیلئے 17 سیکٹوریل اجلاس منعقد ہوئے ہیں جس میں تمام متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔ ان تجاویز اورسفارشات کی روشنی میں برآمدات کو60ارب تک بڑھانے کی پالیسی وضع کی گئی ہے۔
وزیر تجارت نے کہاکہ ایک زمانہ میں کمرشل اتاشی ہوتے تھے جنہیں اب ٹریڈانویسٹمنٹ آفیسرکہاجاتاہے، ان افسران کاانتخاب ٹیسٹ، انٹرویو اورجائزہ کے بعد کیاجاتاہے اوریہ عمل شفاف طریقے سے مکمل ہوتاہے، ان افسران کی کارگردگی کا باقاعدہ بنیادوں پرجائزہ لیاجاتاہے اورجن افسران کی کارگردگی تسلی بخش نہیں ہوتی انہیں واپس بلالیاجاتاہے۔وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ پہلی بار میرٹ پر ٹریڈآفیسرز کو دنیا میں بھیجا ہے ۔
ملک کے باہر ٹریڈآفسیرز کی کارکردگی جانچنے کا پورٹل بنایا ہے ،اس پورٹل پر دنیا بھر میں ٹریڈ افسران ہفتہ وار رپورٹ دیتے ہیں۔اگر کسی کی کارکردگی ٹھیک نہ رہی تو واپس بھی بلایا جاسکتا ہے ۔