حکومت کی الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی مہم کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد

3

‎اسلام آباد ،16 جون  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت الیکٹرک بائیکس پر دی جانے والی مراعات سے متعلق مہم کےجائزہ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت 1 لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی دینے کی مہم پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

‎ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق حکومت عوام کو الیکٹرک بائیکس پر مراعات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الیکٹرک گاڑیاں نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ ایندھن کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی بھی لاتی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مختص کی گئی الیکٹرک بائیکس میں سے 25 فیصد خواتین کے لیے مخصوص کی جائیں گی تاکہ جامع اور مساوی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ مہم پائیدار نقل و حمل کے فروغ اور پاکستان کے کاربن فٹ پرنٹ میں کمی کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے ۔

‎اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم، وزارت اطلاعات و نشریات کی سیکرٹری امبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے شرکت کی۔