ملتان،27 جون(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ خطے میں سیاحت کے فروغ کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں 7 ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، جن پر مجموعی طور پر 4 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بات بجٹ کے تحت مختص ترقیاتی فنڈز کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ فورٹ منرو میں سیاحوں کے لیے تفریحی پارک اور ٹورسٹ ریزورٹ تعمیر کیے جائیں گے، جن پر 40 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اسی طرح دریائے سندھ کے کنارے واقع غازی گھاٹ پر 80 کروڑ روپے سے تفریحی پارک تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نےبتایا کہ لال سوہانرا نیشنل پارک میں عالمی معیار کا ایکو ٹورازم منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے،جو قدرتی ماحول کے تحفظ اور پائیدار سیاحت کو فروغ دے گا، اس منصوبے پر دو ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
فواد ہاشم ربانی کے مطابق قلعہ دراوڑ، کوٹ مٹھن اور تحصیل چوبارہ میں موجود ٹورسٹ ریزورٹس کی اپ گریڈیشن کی جائے گی،جبکہ ماڑی (ضلع راجن پور) اور غازی گھاٹ میں نئی ٹورسٹ ریزورٹس قائم کی جائیں گی تاکہ مزید سیاحوں کو متوجہ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چولستان اور تھل ڈیزرٹ ریلی کے لیے گاڑیوں کی جدید ٹائم منیجمنٹ اور لائیو جی پی ایس ٹریکنگ سسٹمز کی خریداری کےلئے 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے ان بین الاقوامی شہرت یافتہ ایونٹس کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف خطے کی سیاحتی صلاحیت اجاگر ہو گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔