لاہور، 11 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے آج لاہور انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر وطن واپس آنے والے حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیر صحت نے حجاج کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “آپ خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنے گھر کی زیارت اور مقدس سرزمین پر حاضری کی سعادت عطا فرمائی۔ یہ وہ نعمت ہے جس کی تمنا ہر مؤمن کے دل میں ہوتی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “حج کا سفر صرف جسمانی مشقت کا نہیں بلکہ روحانی بیداری، خود احتسابی اور قربِ الٰہی کا سفر ہوتا ہے، جو انسان کی زندگی کو سنوار دیتا ہے۔” صوبائی وزیر نے حجاج کرام کو دعا دیتے ہوئے کہا: “ہم اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کی عبادات، دعائیں، اور توبہ بارگاہِ الٰہی میں قبول ہوں، اور یہ سفر آپ کی زندگی میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے۔” خواجہ عمران نذیر نے حجاج کرام سے ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا: “اپنی دعاؤں میں ان جوانوں کو ضرور یاد رکھیے جنہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں قربانیاں دے کر پاکستان کی عزت، وقار اور عظمت کو بلند کیا۔” آخر میں صوبائی وزیر نے دعا کی کہ: “اللہ تعالیٰ آپ کے اس مقدس سفر کے اثرات آپ کی زندگی میں قائم رکھے، اور ہم سب کو بھی یہ برکتوں بھری سعادت حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔”