راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں دوسرے آل پاکستان انٹر یونیورسٹی آئیڈیا فیسٹ 2025 کا کامیاب انعقاد

44

راولپنڈی ،3 جون(اے پی پی): راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں دوسرے آل پاکستان انٹر یونیورسٹی آئیڈیا فیسٹ 2025 کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر کی 23 جامعات سے تعلق رکھنے والی 196 ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں میں تخلیقی سوچ، نئے آئیڈیاز اور کاروباری وژن کو فروغ دینا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر محمود قریشی تھے۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں طلبہ کو صرف ڈگری یافتہ گریجویٹس کے طور پر نہیں بلکہ پالیسی سازوں اور رہنماؤں کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ ان کی سوچ اور وژن ہی ہمارے معاشرے کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کی نوجوان نسل کی قابلیت پر یقین رکھتی ہےاور دور حاضر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئے آئیڈیاز کی ضرورت ہے۔

انہوں نےپروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال  کو اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اسلام آباد چئمبر آف کامرس انڈسٹری کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال نے مہمان خصوصی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس صلاحیتوں اورخود اعتمادی کو نکھارنے کا ذریعہ بنتے ہیں اور خواتین کی مالی خودمختاری ہی اُن کے بااختیار ہونے کی حقیقی بنیاد ہے۔ آئیڈیا فیسٹ جیسے پلیٹ فارمز اُنہیں خوابوں کو حقیقت بنانے، کاروباری دنیا میں قدم رکھنے کی طرف لے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ورلڈ اکنامک فورم کی  رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے 146 ممالک میں 145ویں نمبر پر ہے، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ جب تک ہم اپنی خواتین کو خود مختاری، قیادت، اور مواقع فراہم نہیں کریں گے، تب تک ہم بطور قوم ترقی نہیں کر سکتے۔

آئیڈیا فیسٹ میں یو ای ٹی ٹیکسلا، کامسیٹس اسلام آباد، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، فاؤنڈیشن یونیورسٹی، رفاہ یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی، ہائی ٹیک یونیورسٹی، یونیورسٹی آف واہ، فاسٹ سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔طلبہ و طالبات نے مختلف شعبہ جات سے متعلق اپنے تخلیقی اور کاروباری منصوبے پیش کیے، جنہیں تجربہ کار ججز نے جانچا۔ہر شعبہ کے شرکاء میں سے بہترین آئیڈیاز پیش کرنے والی ٹیمز کو پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر کیش انعامات سے نوازا گیا۔اختتامی تقریب میں ججز، فوکل پرسنز اور منتظمین کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔