اسلام آباد، 3 جون(اے پی پی): اینگرو پالیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ (ای پی سی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عبدالقیوم کی قیادت میں ایک وفد نے وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان سے پیر کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پالیمر اور کیمیکل انڈسٹری کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومت سے صنعت کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے تعاون کی درخواست کی گئی۔
عبدالقیوم نے وزیر تجارت کو صنعت کو درپیش مسائل، خصوصاً ٹیرف اسٹرکچر اور علاقائی مسابقت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مقامی صنعتکاروں کے لیے مساوی مواقع اور پالیسی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کے قیام کے لیے پُرعزم ہے اور کیمیکل و مینوفیکچرنگ شعبوں کی معاونت کے لیے قابل عمل حل تلاش کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتوں کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈرز کی رائے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیر تجارت نے یقین دہانی کرائی کہ وزارت تجارت متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالے گی اور برآمدات کے فروغ اور صنعت کی مجموعی ترقی کے لیے ممکنہ آپشنز پر غور کیا جائے گا۔











