اسلام آباد، 13جون(اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ بجٹ پر تنقید کے بجائے مثبت تجاویز پیش کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آج قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کراچی میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور شہر کی روشنیوں کی بحالی کے لئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کی زندگی بہتر بنانے کے لیے کم سے کم اجرت میں اضافے پر غور کیا جانا چاہیے اور ڈبے والے دودھ پر اضافی ٹیکس سے گریز کیا جائے تاکہ عوام پر بوجھ نہ بڑھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت غربت کے خاتمے اور عوام کی قوت خرید میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاہم صحت اور تعلیم کے شعبوں پر مزید توجہ کی ضرورت ہے۔
شاہدہ رحمانی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کی فلاح کے لیے بہتر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مخصوص نشستوں پر کامیاب خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی فنڈز فراہم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ فارمولا دودھ اور سگریٹ پر ٹیکس کے ذریعے آمدنی بڑھانے پر غور کیا جا سکتا ہے جبکہ چھوٹی گاڑیوں پر عائد ٹیکس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے پیشِ نظر مانع حمل ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر بھی حکومت کو توجہ دینی چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ شاہدہ رحمانی نے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مناسب اضافے اور درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کے تحفظ کے لیے اقدامات ضروری ہیں اور حکومت کو اس سمت میں مزید منصوبے بنانا ہوں گے۔