رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال کا بجٹ اجلاس 2025-26 میں اظہار خیال

8

اسلام آباد، 14 جون (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس 2025-26 کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو قوم کے دفاع  کی جنگ جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت نے ایک مکار اور چالاک دشمن کے خلاف ایسی حکمت عملی سے کامیابی حاصل کی ہے، جس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہاولپور نہ صرف جنوبی پنجاب کا دل ہے بلکہ اس کا تعلیمی و ثقافتی مرکز بھی ہے۔ اس خطے میں تعلیمی اداروں کی ترقی کے لیے مزید فنڈز اور سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے اور علاقائی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

ملک محمد اقبال نے کاشتکاروں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ خوراک کی خود کفالت اور معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے بہاولپور کے نواحی علاقے عباس نگر میں دستکاری سے وابستہ ہنر مندوں کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے آنے والے بیوپاری ان کے فن کو انتہائی کم قیمت پر خرید کر مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں، جس سے مقامی ہنر مند مالی لحاظ سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ حکومت وہاں ایک باقاعدہ “کرافٹ بازار” قائم کرے تاکہ مقامی کاریگر اپنے فن کا درست معاوضہ حاصل کر سکیں اور ان کے ہنر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔رکن قومی اسمبلی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے تاکہ علاقائی برابری، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔