ریلویز کیریج فیکٹری، قومی ترقی کی جانب مضبوط قدم ہے؛ حنیف عباسی

6

اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کی کیریج فیکٹری جدید سہولیات سے آراستہ ورکشاپس میں روزانہ مہارت، محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے معیاری کوچز تیار کو تیار کیا جا رہا ہے جو کہ قومی ترقی کی سمت ایک مضبوط قدم ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ورکشاپس میں جدید کوچز کی تیاری کا عمل مسلسل جاری ہے اور ہر مرحلے پر معیار اور مضبوطی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوچز کی اسمبلنگ اور پینٹنگ جدید طریقوں سے انجام دی جاتی ہے جبکہ ہر انچ کی باریکی سے جانچ پڑتال کی جاتی ہے تاکہ مسافروں کے لیے آرام اور تحفظ کی بلند ترین سطح مہیا کی جا سکے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ماہر انجینئرز اور کاریگر کوچز کے ڈیزائن اور تیاری میں پوری توجہ مسافروں کی ضروریات اور بین الاقوامی معیار پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے اور خوبصورت انداز کی کوچز پاکستان ریلویز کی پہچان بن چکی ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ معیاری کوچز پاکستان کے روشن سفری مستقبل کی ضمانت ہیں اور ریلویز کی ترقی و بحالی کے عزم کی عملی تصویر ہیں۔