سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے: صوبائی وزیر صحت

2

لاہور، 28 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں 17 واں سینٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور ہائی کورٹ سے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل، سپیشل سیکریٹری ڈویلپمنٹ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ذیشان شبیر رانا، ایڈیشنل سیکریٹری میڈیکل ایجوکیشن سدرہ سلیم، معروف فیکلٹی اراکین، پنجاب پبلک سروس کمیشن کی نمائندہ عصمت طاہرہ اور ملحقہ ٹیچنگ اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن، محکمہ خزانہ اور دیگر اداروں کے افسران نے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے یونیورسٹی کی کارکردگی پر مبنی تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ اجلاس کے دوران 16ویں سینٹ اجلاس کے منٹس، ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے رولز 2025، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے لیے نئے سینٹ ممبر کی تقرری، اور ٹیچنگ اسٹاف کی تعیناتی کے لیے نیا طریقہ کار منظور کر لیا گیا۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، اور بجٹ 2025-26 میں صحت کے شعبے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، تاکہ شعبہ صحت میں بہتری اور پیشہ ورانہ خدمات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔