سکھر,21جون(اے پی پی) شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے مبارک موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا سکھر کے شہریوں کے لیے تحفہ ، گڈانی پھاٹک پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ جس پر 1.5 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ فلائی اوور اور جدید سڑکوں کی تعمیر شامل ہے ، یہ صرف ایک ترقیاتی اسکیم نہیں، بلکہ سکھر کے روشن مستقبل کی نوید ہے، ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے منصوبہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل ایکسچینج سے گڈانی پھاٹک تک 700 فٹ طویل اور 40 فٹ چوڑا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا،اس منصوبہ میں 3.8 کلومیٹر طویل جدید سڑکوں کی تعمیر و مرمت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ میںگڈانی پھاٹک تا بھوسا لائن چوک تک 60 فٹ چوڑی سڑک، نمائش چوک (چڑیا گھر) تا قریشی گوٹھ 40 فٹ چوڑی سڑک،میرانی محلہ تا رِنگ روڈ 30 فٹ چوڑی سڑک، پیر مراد شاہ تا مائیکرو کالونی 24 فٹ چوڑی سڑک اورشکارپور پھاٹک تا قریشی روڈ 70 فٹ سڑک کا مرمتی کام شامل ہے۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یہ فلائی اوور اور سڑکیں بھوسا لائن، مائیکرو کالونی، قریشی گوٹھ جیسے پس ماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گی۔
اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سکھر کے شہریوں کے ہمراہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ کا 100 پاﺅنڈ کا کیک بھی کاٹا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔