شہر کی نئی آبادیوں تک سیوریج اور واٹر سپلائی کی سہولیات  فراہم کرنے کا پلان تیار کیا جائے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری

10

ملتان،03 جون (اے پی پی): واسا کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں منگل کے روز اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ملتان شہر میں سیوریج مسائل کی اصلاح چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں،انہوں نے ہدایت دی کہ شہر کی نئی آبادیوں تک سیوریج اور واٹر سپلائی کی سہولیات  فراہم کرنے کا پلان تیار کیا جائےاور سیوریج منصوبوں بارے ترجیحات کا تعین کیاجائے، فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ سیوریج کے ناگزیر منصوبوں کے فنڈز کے حصول کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیوریج کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی اور واسا بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لئے ڈسپوزل اور ٹیوب ویلز سولر پر منتقل کرنے کا پلان تیار کرے۔اس سے قبل ایم ڈی واسا خالد رضا نے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 10 ارب روپے مالیت کے سیوریج کے10 نئے منصوبے تیار کئے گئے ہیں۔ان منصوبوں کے لئے نئے بجٹ میں حکومت سے 2 ارب50 کروڑ روپے طلب کئے گئےہیں، ایم ڈی واسا نے بریفنگ میں بتایا کہ چونگی نمبر9 ڈسپوزل اسٹیشن کی اپگریڈیشن کا 79 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جس پر 3ارب 43 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔