صدر مملکت آصف علی زرداری کا  بے نظیر ہنر مند پروگرام کا اجراء

1

‎اسلام آباد، 21 جون (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بچوں اور بچیوں کو تعلیم سمیت تمام حقوق فراہم کیے جارہے ہیں جو پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن تھا جسے ہم آگے بڑھا رہے ہیں، آج بے نظیر ہنر مند پروگرام کا آغاز کررہے ہیں۔

‎ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں بے نظیر ہنر مند پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

‎اس موقع پر صدر مملکت نے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ بے نظیر ہنر مند پروگرام کا باضابطہ اجراء کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کو لوگوں تک منتقل کرنا چاہتے ہیں  صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے وژن کے تحت عام لوگوں کو بااختیار بنانا چاہتی ہے- انہوں نے کہا کہ ہنر مند پروگرام کے ذریعے جرمن اور چینی زبانیں بھی سکھائی جائیں گی، انہوں نے سندھ میں نرسنگ کی تربیت حاصل کرنے والوں کی مالی امداد کا بھی ذکر کیا۔

‎صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ  بے نظیر ہنر مند پروگرام کے تحت کمپیوٹر ٹیکنالوجی سمیت جدید تعلیم اور ہنر سکھائے جائیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بیرون ملک ہنر مند افرادی قوت کی مانگ ہے، نرسنگ جیسے باوقار شعبے میں پاکستانی تربیت یافتہ نرسز باعزت روزگار کماسکتی ہیں، اس کے لئے ہمیں نرسنگ کے شعبہ میں اعلیٰ تربیتی معیار قائم کرنا ہوگا

‎صدر نے کہا کہ اس شعبے کے لیے عالمی معیارات کو تربیتی عمل میں شامل کرنا ہوگا۔ قبل ازیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر ہنر مند پروگرام ایک وعدے کی تکمیل ہے- بے نظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے گا،  نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا وعدہ شہید بے نظیر بھٹو نے کیا تھا، آج اس وعدے کی تکمیل کرکے خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مضبوط بنانا اور انہیں سہولت فراہم کرنا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وژن تھا، پیپلز پارٹی نے 2008 میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا  آغاز کیا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خواتین کو عزت اور وقار کے ساتھ مالی طور پر مستحکم کیا گیا جبکہ  آصفہ بھٹو زرداری اپنی شہید والدہ کے ویژن کو آگے لے کر بڑھ رہی ہیں- بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 2022  کے سیلاب اور کوویڈ کے دوران مستحقین تک امداد پہنچائی گئی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محض ایک پروگرام نہیں بلکہ اب یہ گلوبل ماڈل بن چکا ہے- انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام تیزی سے تبدیل ہوتی دنیا میں خواتین اور نوجوانوں کے لئے ایک امید کا پیغام ہے، یہ پروگرام ایک تحریک اور غربت کے خلاف جنگ ہے

‎سینیٹر روبینہ خالد نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے تعاون پر جرمن حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا-

‎بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری عامر علی احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام معاشرے میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  انہوں نے کہا کہ بے نظیر ہنر مند پروگرام کا اجرا خوش آئند ہے  –

‎اس موقع پر صدر مملکت نے مہمانوں کے ہمراہ سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔