صفائی ورکرز ہمارے اصل ہیروز ہیں، بلال یاسین – عیدالاضحیٰ پر شاندار کارکردگی پر ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز میں انعامی چیکس کی تقسیم

1

لاہور، 21 (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے لاہور کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے صفائی ورکرز کو دس، دس ہزار روپے کے انعامی چیکس تقسیم کیے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین اور صفائی عملے نے وزیر ہاؤسنگ کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے بلال یاسین نے صفائی ورکرز کو “ہمارے اصل ہیروز” قرار دیا اور ان کی انتھک محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ورکرز نے گزشتہ سال کی نسبت کہیں زیادہ محنت کی ہے اور اپنی کارکردگی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ بلال یاسین نے کہا: “وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور تمام وزراء نے عید کے تینوں دنوں میں آپ کی کارکردگی کو خود مانیٹر کیا، اور یہ انعام انہی کی جانب سے آپ کی محنت اور لگن کا اعتراف ہے۔” وزیر ہاؤسنگ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب ہر محکمے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مشینری اور فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مالی سال عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کا سال ہوگا۔ بلال یاسین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے لاکھوں افراد کو بلاسود قرضے دے رہی ہیں، اور حکومت پنجاب صفائی ورکرز سمیت ہر محنت کش کے حالات بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔