لاہور، 14 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور سمر گیمز 2025 کے کھلاڑیوں کے ہاسٹلز کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر کھلاڑیوں نے دی گئی سہولیات کو تسلی بخش اور مثالی قرار دیا۔صوبائی وزیر نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں کھلاڑیوں کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ڈی جی سپورٹس خضر افضال چوہدری نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ہاسٹل کی سہولیات سے 700 سے زائد کھلاڑی مستفید ہو رہے ہیں۔صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر الاؤنس، اے سی کی سہولت اور ٹھنڈا پانی بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے خود پانی پی کر معیار کو چیک کیا اور صفائی کی صورت حال کے حوالے سے نوجوان کھلاڑیوں، بالخصوص خواتین کی آراء بھی لی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کھلاڑی ملک کا سرمایہ ہیں اور حکومت انہیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی رہائش، کھانے، طبی سہولت، سیکیورٹی اور تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو کھیل کے میدان کی صورت میں ایک روشن مستقبل دینا ہے۔











