عالمی برادری پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے،  سردار ایاز صادق

2

‎اسلام آباد، 22 جون(اے پی پی):  اسپیکر قومی اسمبلی نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مؤقف یہ ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، دنیا کو امن کی ضرورت ہے اور عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

‎انہوں نے ان خیالات کا اظہار سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہنوں نے ان کی خصوصی دعوت پر آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

‎ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، اور باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎اسپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے وفود کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس طرح کے روابط دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

‎اسپیکر نے کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب مذہب، اخوت، بھائی چارے اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ سعودی وفد کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی نے  کہا کہ سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ملاقات کے دوران مسلم امہ کے اتحاد، خطے میں امن و ترقی، اور مشترکہ پارلیمانی کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں جانب سے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کی مضبوطی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیا، جس سے مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔