ملتان ،31 مئی (اے پی پی ):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹرز کو کارکردگی بہتر کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔عیدالاضحیٰ پر آلائشوں کی تلفی کیلئے مثالی صفائی آپریشن کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژن بھر میں صفائی صورتحال بارے کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام کنٹریکٹرز سے تحصیلوں کو زیرو ویسٹ کرنے بارے سرٹیفیکیٹ لئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو ،سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالزراق ڈوگر اور ضلعی حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔عامر کریم خاں نے ہدایت دی کہ عید الاضحیٰ سے قبل ڈویژن بھر میں ون ٹائم کلیننگ ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ناقص کارکردگی کی حامل کمپینوں کے کنٹریکٹ منسوخ کردیے جائیں گے۔کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا ستھرا پنجاب پروگرام پر خصوصی فوکس ہے۔اس لئےشہری علاقوں میں ویسٹ کولیکشن کی شرح کو 1 ہزار ٹن سے بڑھایا جارہاہے۔