سیالکوٹ،10جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایس ڈبلیو ایم سی )نے عیدالاضحیٰ پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گرینڈ صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا اور اس دوران 11 ہزار 857 میٹرک ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آلائشوں کو ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 7 مختلف ڈمپنگ سائٹس پر محفوظ طریقے سے تلف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود صفائی عملے نے بھرپور جذبے سے کام کیا۔ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں 25 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ گرینڈ کلین اپ آپریشن میں 4052 صفائی ورکرز اور 1191 گاڑیوں و مشینری نے حصہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ صفائی آپریشن کے دوران موصول ہونے والی عوامی شکایات پر فوری ردعمل دیا گیا، اس دوران ستھرا پنجاب پلیٹ فارم پر موصولہ 1495 شکایات اور سپیشل برانچ کی 294 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہا کہ ورکرز نے جس فرض شناسی کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سہولیات کے معیار کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔