عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی ملک بھر میں عام شہریوں کی بڑی تعداد اپنے ذبح کے اوزار تیار کروانے میں مصروف

1

اسلام آباد،06جون (اے پی پی ):عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی ملک بھر میں قربانی کی تیاریوں میں تیزی آ جاتی ہے۔ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ قصابوں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد اپنے ذبح کے اوزار تیار کروانے میں مصروف ہو جاتی ہے۔چھریاں، بغدیاں، کلہاڑیاں اور دیگر آلات تیز کروانے کے لیے شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں مختلف مقامات پر عارضی دکانیں اور اسٹالز قائم کیے جاتے ہیں۔ یہ دکانیں عید سے چند روز قبل فعال ہو جاتی ہیں، جہاں دن بھر گاہکوں کا رش دیکھنے میں آتا ہے۔یہ کاریگر عام طور پر ہاتھ سے چلنے والی مشینوں یا بجلی سے چلنے والے گرائنڈرز کے ذریعے اوزاروں کو تیز کرتے ہیں۔ بعض مقامات پر جدید آلات بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کام قربانی کے دنوں میں نہایت اہم تصور کیا جاتا ہے، کیونکہ ایک تیز اور درست دھار والا اوزار قربانی کو آسان اور شرعی اصولوں کے مطابق بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔عید سے قبل چند دنوں میں ان خدمات کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، جس کے باعث قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض دکاندار ان دنوں میں من مانے نرخ وصول کرتے ہیں۔ دوسری جانب کاریگر اس بات کا مؤقف رکھتے ہیں کہ یہ ایام ان کے لیے سال بھر کی آمدن کا ذریعہ بنتے ہیں۔یہ سرگرمی قربانی کے عمل کا ایک اہم حصہ ہے، جو اگرچہ عام طور پر پس منظر میں رہتی ہے، مگر اس کی اہمیت اور ضرورت سے انکار ممکن نہیں۔