عید الاضحیٰ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، محکمہ داخلہ پنجاب کا مرکزی کنٹرول روم قائم

2

لاہور، 6 جون (اے پی پی): : عید الاضحیٰ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے جامع حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب توصیف صبیح گوندل کے مطابق کنٹرول روم 24 گھنٹے پنجاب بھر سے سیکیورٹی رپورٹس مرتب کرے گا اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کی قیادت میں عید کی تعطیلات کے دوران بھی کام جاری رکھے گا۔ترجمان کے مطابق جمعہ المبارک اور عید الاضحیٰ کے پیش نظر صوبہ بھر میں سیکیورٹی اقدامات کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں جمع کر سکیں گے۔ پنجاب بھر میں عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ندی، نالوں، دریا، ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی پر بھی دفعہ 144 کا اطلاق ہوگاترجمان نے کہا کہ جانوروں کے فضلے کو مین ہولز یا نہروں میں پھینکنے پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ایئرپورٹس اور ایئربیسز کے گرد 15 کلومیٹر کے دائرے میں آلائشیں پھینکنے پر بھی پابندی ہوگی۔ کبوتربازی، آتشبازی، ڈرونز اور لیزر لائٹس کے استعمال پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی اور عارضی مکینیکل جھولوں کی تنصیب پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔صوبے میں کہیں بھی غیرقانونی مویشی منڈی قائم کرنے یا غیرقانونی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگیترجمان نے واضح کیا کہ عوامی تحفظ اور حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ عید فراہم کی جا سکے۔