اسلام آباد ،25جون)اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران اسلام آباد میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کا حکم اور سیکیورٹی کے لئے جامع ٹریفک پلان مرتب کرنے کی ہدایت دی۔ جامع ٹریفک پلان کے مطابق سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم قائم،مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے درجاتی حصار ہوں گے ،تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ مکمل کی جا چکی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا نک اشتعال انگیز مواد کیخلاف زیرو ٹالرنس، سوشل میڈیا کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی،جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ، ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے کھانے پینے کے انتظامات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی شفٹ میں تعیناتی کی جائے تاکہ انہیں آرام کا وقت میسر ہو اور وہ مستعدی سے اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے فول پروف سکیورٹی و دیگر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت جاری کیں کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر داخلہ کی معاشرے کے تمام طبقات کو محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ڈی آئی جی اسلام آباد نے محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق محرم الحرام کے دوران اسلام آباد میں 181 جلوسوں اور 965 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، تمام مجالس اور جلوسوں کا سیکورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اے ڈی سی جی ، ڈی آئی جیز، تمام ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے اجلاس میں شرکت کی۔