محکمہ زراعت پنجاب اور بیٹر کاٹن انیشیٹو کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

1

لاہور، 27 جون (اے پی پی): ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں محکمہ زراعت پنجاب اور بیٹر کاٹن انیشیٹو  کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ محکمہ زراعت اور بیٹر کاٹن انیشیٹو کے باہمی اشتراک سے کپاس کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو گا، اور کپاس کی ویلیو چین میں بہتری سے عالمی منڈی میں پھٹی کی مانگ میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی جدید رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت، باخبر کسان اور فیس کے درمیان بھی معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ایک جدید پورٹل متعارف کرایا جائے گا۔ اس پورٹل کے ذریعے کسانوں کو پیسٹ الرٹس، موسمی معلومات اور رئیل ٹائم تجزیے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ زرعی منصوبہ بندی کے تحت اہم فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور کسانوں کی آمدن میں اضافے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاٹن پائلٹ پراجیکٹ کے ماڈل کو مستقبل میں گندم سمیت دیگر فصلوں پر بھی نافذ کیا جائے گا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کی بحالی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ اشتراک کیا جائے گا، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی تاکہ کپاس کے شعبے کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، جس سے نہ صرف فصل کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو گا بلکہ کسانوں کی زندگی میں بھی مثبت تبدیلی آئے گی۔