قصور۔ 25 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی زیرنگرانی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بی آر بی نہر پر ریسکیو 1122اور سول ڈیفنس کی مشترکہ موک ایکسرسائزکا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سلمون ایوب،رینجرز، پولیس، انچارج ریسکیو 1122 ڈاکٹر نیئر عالم خان ،سی ای او ایجوکیشن،سول ڈیفنس آفیسر اشفاق احمدسمیت محکمہ صحت، لائیو سٹاک، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آب پاشی، سوشل ویلفیئر اور لوکل گورنمنٹ کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عمران علی نے موک ایکسرسائز میں ریسکیو 1122 کی طرف سے لگائے گئے میڈیکل ایڈ اور ادویات کے کیمپس کا معائنہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122اور سول ڈیفنس آفیسر کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران کو ممکنہ سیلابی صورت حال میں درپیش ممکنہ چیلنجز اور ریسکیو وسول ڈیفنس کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں کی تعینات، شہریوں کے بروقت انخلاء، ڈوبنے والے افراد کو بچانے اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے جیسے اقدامات کی وضاحت کی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے دریا میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے کی موک ایکسرسائز دکھائی گئی اور بے ہوش افراد کو سی پی ار دینا اور میڈیکل ایڈ فراہم کرنے کا پورا طریقہ کار دکھایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے اس موقع پر ریسکیو ڈبل 1122اور محکمہ سول ڈیفنس کے افسران کی کاوشوں کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مشکل حالات میں عوام کی جان ومال کا تحفظ ایک چیلنج ہے لیکن ضلع ادارے باہم مل کر اس فرض کو بخوبی نبھا سکتے ہیں ۔