معاشرے سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

2

اسلام آباد، 12جون(اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے  چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  بچوں کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی اہمیت اور  ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ آئینِ پاکستان، اقوامِ متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ طفل اور دیگر بین الاقوامی معاہدات کے تحت ہم ہر بچے کے بنیادی حقوق، وقار اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔چائلڈ لیبر بچوں کو تعلیم، تحفظ اور صحت مند و محفوظ بچپن سے محروم کر کے نہ صرف ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں رکاوٹ بنتی ہے بلکہ قومی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بھی سنگین چیلنج ہے۔

 انھوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔  انہوں نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں ایک سرشار ہیلپ لائن 1121 کے آغاز پر بھی روشنی ڈالی، جس سے شہریوں کو بچوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے ناروا سلوک کی اطلاع دینے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور انہیں معاشرے کا نتیجہ خیز رکن بننے کی طرف رہنمائی کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔