ملتان 04 جون)اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے مختار اے شیخ ہسپتال کا دورہ کیا۔چیئرمین مختار اے شیخ ہسپتال میاں فیصل مختار،ڈی آئی جی محمد شعیب اور سی ای او ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی نے ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا وزٹ کیا۔اس موقع پر انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں اور صوبہ کے 2500 بنیادی مراکز صحت اور300 رورل ہیلتھ سنٹرز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا مریم نواز شریف کی جانب سے لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے چیف منسٹر سکیم کےتحت سماعت سے محروم اور دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے مفت علاج پر مختار اے شیخ ہسپتال انتظامہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ
دل کے امراض اور پیدائشی طور پر قوت سماعت سے محروم بچوں کا مفت علاج مریم نواز شریف کا شاندار اقدام ہے۔حکومت پنجاب کے یہ اقدامات “ریاست ہو تو ماں جیسی” وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ مختار اے شیخ ہسپتال کا قیام صحت کے نجی شعبے میں بہترین اضافہ ہے۔ایڈیشنل آئی جی پولیس محمد کامران خان نے اس موقع پر کہا کہ مختار اے شیخ ہسپتال لاہور اور کراچی کےبڑے ہسپتالوں کے معیار کےبرابر صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
سابق ضلع ناظم ملتان اور چئیرمین مختار اے شیخ ہسپتال میاں فیصل مختار نے بتایا کہ چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کےتحت بچوں کے مفت آپریشن کئے جارہے ہیں۔اسی طرح پیدائشی طور پر قوت سماعت سے محروم بچوں کا علاج بھی فری کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مختار اے شیخ ہسپتال میں 40 فیصد مریضوں کا علاج ویلفیئر سکیم کےتحت کیا جاتا ہے۔ میاں فیصل مختار کا کہنا تھا کہ آئندہ برس ہسپتال میں جگر اور گردے کی پیوندکاری کا عمل شروع کر دیا جاۓ گا اور اس سلسلے میں مختار اے شیخ ہسپتال اور پی کے ایل آئی کے مابین ایم او یو پر جلد دستخط ہونگے۔ہسپتال کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نےمختلف شعبوں میں جدید طریقہ علاج بارے بریفنگ دی۔