ملتان 19 جون)اے پی پی):حکومت پنجاب نے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑا قدم اٹھاتے ہوئےصوبے کےتمام سرکاری دفاتر کو ای فائلنگ سسٹم (eFOAS) پر سو فیصد عملدرآمد کا حکم دے دیاہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس کے ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن جنوبی پنجاب علی عاطف بٹر کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کے تمام فوکل پرسنز نے شرکت کی۔
انچارج ای فائلنگ سسٹم جنوبی پنجاب و سینئر پروگرام منیجر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عبدالروف اور ایس اینڈ جی اے ڈی ساوتھ پنجاب کے فوکل پرسن و ایس او انجینئر ارم عباس بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن علی عاطف بٹر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس اپنے ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے سسٹم کے نفاذ کے لئے31 جون کی ڈیڈ لائن دی ہے۔حکومت کو تمام محکموں بارے سسٹم جنریٹڈ کمپلینس رپورٹ بھیجی جائےگی اور ای فائلنگ سسٹم نہ اپنانے والے محکموں کے ذمہ دار افسران کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ علی عاطف بٹر نے بتایاکہ ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ سےفائلوں کا فرسودہ نظام ختم ہوگا اور وقت کی بچت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ای فائلنگ سٹم اپنانے والے صوبے کا پہلا ادارہ ہے۔ سینئر پروگرام منیجر پنجاب انفامیشن ٹیکنالوجی بورڈ عبدالروف نے ای فائلنگ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔