ملتان 26 جون )اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی سہولت کے لیے ملتان میں تعمیر ہونے والا میگا پراجیکٹ “ایگری مال” اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ یہ منصوبہ 296.4 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ایگری مال کے تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ لی، انہوں نے کہا کہ ایگری مال 24 کنال رقبے پر مشتمل ہے اور اس کی عمارت مکمل ہو چکی ہے، جب کہ باؤنڈری وال پر گرل کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
ایگری مال میں زرعی مشینری، کھاد، بیج اور ادویات کی نمائش کے لیے ایک مرکزی ڈسپلے ہال تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں کو جدید زراعت سے متعلق تکنیکی مشورے فراہم کرنے کے لیے ایک ایڈوائزری شعبہ بھی قائم کیا گیا ہے۔
عامر کریم خاں کے کہا کہ ایگری مال میں ایک تربیتی ہال بھی بنایا گیا ہے، جہاں کسانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف سیشنز اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔ مزید برآں، 16 ماڈل شاپس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، اور ٹرانسفارمر کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے تاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
پی ایچ اے کی ٹیم ایگری مال کی تزئین و آرائش، شجرکاری اور لینڈسکیپنگ پر بھی بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے، جب کہ پارکنگ شیڈ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے تاکہ کسانوں اور خریداروں کو مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایگری مال کا قیام حکومتِ پنجاب کا ایک انقلابی قدم ہے، جو کسانوں کو ایک ہی چھت تلے تمام زرعی سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنے کی سمت ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے اس موقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔