ملتان4 جون(اے پی پی ): چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ، ملتان میں 100 بچوں کی، چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت کامیاب دل کی سرجریز مکمل ہونے پر ایک سادہ مگر باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں کیک کاٹا گیا اور بچوں کو تحفہ دیے گئے ۔
اس موقع پر ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے، چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت، بچوں کے دل کی کامیاب سرجریز پر پیڈی ایٹرک کارڈیک سرجری اور پیڈی ایٹرک کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اس اہم سنگ میل کے حصول کو ادارے کی مشترکہ کاوش قرار دیا۔ اس موقع پر شعبہ کارڈیالوجی چلڈرن ہسپتال کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سہیل ارشد بھی موجود تھے۔
ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بچوں کے دل کے مریضوں کے لیے یہ انقلابی پروگرام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ان بچوں کے لیے ایک نئی زندگی کا موقع ہے جو ماضی میں مہنگے علاج کے باعث محروم رہ جاتے تھے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب کی بصیرت افروز قیادت کے شکر گزار ہیں۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر سہیل ارشد کے ساتھ ساتھ پروفیسر ڈاکٹر طارق (کارڈیک سرجن)، ڈاکٹر عثمان ریاض, ڈاکٹر مدثر عدنان اور پروفیسر ڈاکٹر عاصم خورشید شریک تھے۔ ڈین چلڈرن ہسپتال نے اس کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔