ممبر قومی اسمبلی ثنا اللہ خان مستی خیل کاقومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال

16

اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی(:ممبر قومی اسمبلی ثنا اللہ خان مستی خیل نے آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز ہماری شناخت اور ہماری پہچان ہے، اور ہم اس کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے بھی ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، اور اس کی حفاظت کرنے والی فوج بھی ہماری اپنی ہے۔ افواجِ پاکستان ہمارے بھائی، بیٹے اور محافظ ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان نے مسلح افواج کو واضح اختیارات دیے ہیں اور وہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک کے دفاع کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج ملک کی خودمختاری اور سلامتی کی علامت ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سراہتی ہے۔

ثنا اللہ خان مستی خیل نے مزید کہا کہ مسلح افواج قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، جو ہر مشکل وقت میں ملک کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں۔ انہوں نے ایوان میں افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔