اسلام آباد، 24 جون 2025 (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان نے منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 2025-26 کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اس نازک وقت میں پارلیمنٹ نے جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین اور کشمیر کے مواقع پر بھی یکجہتی اور قومی اتفاق کا واضح پیغام دیا، جس سے یہ ثابت ہوا کہ پوری قوم اور پارلیمنٹ دشمن کے خلاف متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب تخت بھائی سے تعلق رکھنے والے شہید محمد ایاز نے حالیہ جنگ میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے پارلیمنٹ اور وزارتِ دفاع سے درخواست کی کہ محمد ایاز شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے نام پر تخت بھائی میں ایک کیڈٹ کالج قائم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف شہید کی یاد کو زندہ رکھا جا سکے گا بلکہ علاقے کے دیگر نوجوانوں کو بھی تعلیم و تربیت کے مواقع حاصل ہوں گے اور وہ بھی ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سے آگے آ سکیں گے۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ جب قوم اور افواجِ پاکستان ایک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو کوئی دشمن ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے 1965 کی جنگ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان نے اتحاد کی طاقت سے ہندوستان کو شکست دی تھی، اور آج بھی اسی اتحاد کی بدولت دشمن کو مؤثر جواب دیا گیا ہے۔