لاہور۔27جون (اے پی پی):چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے،روزگار کی فراہمی، فنی تربیت اور سافٹ قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وہ جمعہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں منصوبہ ‘‘پنجاب اور سندھ میں تکنیکی و ہنر مندی کے شعبے کو مضبوط بنا کر محروم طبقات کی معاشی خود مختاری’’ کے تحت پہلے بیج (Cohort One) کی گریجویشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل،دی ہنر فائونڈیشن کے سی ای او غفران اے خان سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے تعاون سے دی ہنر فائونڈیشن،وزیراعظم یوتھ پروگرام اور سائبانِ پاکستان کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے،اس منصوبے کا مقصد پنجاب و سندھ کی مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے500 نوجوانوں کو معیاری فنی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں معاشی خود مختاری حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ ہنرمند نوجوان ہمارے رول ماڈل ہیں اور ہائر ایجوکیشن سمیت ہر شعبے میں ان کی مدد کی جا رہی ہے۔ وزیرِاعظم اور وزیر اعلی پنجاب دن رات نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہی نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔انہوں نے اس منصوبے کو ایک جامع اور تبدیلی لانے والا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانا پائیدار ترقی اور دیرپا امن کی کنجی ہے،اس منصوبے کے ذریعے معاشرتی ناہمواریوں کو کم کرنے اور معاشی مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل نے کہا کہ معاشی با اختیاری صرف ہنر سیکھنے تک محدود نہیں بلکہ یہ وقار،مساوات اور معاشی انصاف سے جڑا معاملہ ہے،آج کے تربیت یافتہ نوجوان سماجی تبدیلی کے نمائندہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کیلئے مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور اس کی مدت24 ماہ ہے۔دی ہنر فائونڈیشن کے سی ای او غفران اے خان نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت13 اضلاع میں 160 سے زائد آگاہی سیشنز اور اسٹیک ہولڈرز ڈائیلاگز کا انعقاد کیا گیا تاکہ فنی اداروں اور کمیونٹی کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب میں نوجوانوں کو اسناد تقسیم کی گئیں اور شرکا نے مذکورہ منصوبے کو پاکستان کو ہنرمند،بااختیار اور جامع معاشرہ بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔