وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف کی کوششوں سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں نمایاں ہو رہا ہے، چیئرمین شعیب بٹالوی

2

لاہور،23 جون (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ کے  چیئرمین شعیب بٹالوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں نمایاں ہو رہا ہے،فیلڈ مارشل کے دورہ امریکہ کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے امریکہ کے ساتھ کاروبار شروع ہونے سے ملکی ایکسپورٹ بڑھانے میں مدد ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے سب سے پہلے  ایکسپورٹ سے متعلقہ تمام اداروں کے سٹاف ٹریننگ دینا ہوگی تاکہ ہمارا امپورٹر وقت پر چیزیں دنیا بھر میں بھیج کر زرمبادلہ ملک میں لا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی جیسے ادارے بننے کے بعد پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھی ہے اور اس کی بہترین مثال سنٹرل ایشیائی ممالک کی مثال ہمارے سامنے ہے نیشنل لاجسٹک کونسل نے سنٹرل ایشیا اور چین میں ایکسپورٹرز اور امپورٹر کے لیے آسانیاں پیدا کی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے اس سے متعلقہ اٹھارہ اداروں  اور بیرون ملک ایمبیسیز میں موجود ٹریڈ کونسلر کی ٹریننگ بہت ضروری ہے اس سلسلے میں اپنی خدمات فری دینے کے لیے حاضر ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے پی آئی اے پر یورپ میں پابندی لگوا کر ملک دشمنی کی جس کی وجہ سے ایکسپورٹرز بیرون ممالک کی ائیر کمپنیز کے محتاج ہو کر رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے دورہ امریکہ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ایران جنگ میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں سے خطے میں امن آئے گا اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاذ افضل چوہدری نے کہا کہ ایکسپورٹ کی طرح امپورٹ بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ہمسایہ ممالک خاص طور پر چین کے ساتھ بارہ مہینے تجارت ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ امپورٹرز  مشکلات کم ہوں گی تو ملکی معیشت کا پہیہ چلے۔