اسلام آباد، 30 جون)اے پی پی) : وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے فیجی نیشنل یونیورسٹی پر مشتمل چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں زرعی شعبے، گنے کی پیداوار، موسمیاتی تبدیلی اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیجی کا وفد 30 جون سے 4 جولائی تک پاکستان کے دورے پر ہے اور اس دوران جدید زرعی طریقوں جیسے پانی بچانے والی آبپاشی، اسمارٹ فارمنگ، ڈرون ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، اور ڈیری فارمنگ کے ماڈلز کا مشاہدہ کرے گا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں زرعی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور موسمیاتی چیلنجز کے باوجود حکومت پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور فیجی کے درمیان زرعی تجارت اور شراکت داری کے فروغ پر زور دیا۔
فیجی وفد نے پاکستانی حکومت کی پالیسیوں اور وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کی تعریف کی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے یادگاری تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔