وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس

1

لاہور،6 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں عید صفائی پلان اور قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس میں انتظامات پر غور کیا گیا۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز، میونسپل افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔کیٹل مارکیٹنگ، مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ای او تاثیر احمد نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے اجلاس کو انتظامات پر پریذینٹیشن دی صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے عیدالاضحٰی کیلئے موثر پلان بنانے کا حکم دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ لاہور میں شاہ پور کانجراں ماڈل منڈی کے علاوہ 5 سیل پوائنٹ ہیں جبکہ سپورٹس کمپلیکس، سگیاں، برکی روڈ، ایل ڈی اے سٹی، رائیونڈ میں سیل پوائنٹس کام کر رہے ہیں وزیر بلدیات نے بتایا کہ صوبے کے باقی علاقوں میں 28 منڈیوں کو سیل پوائنٹ قرار دیا گیا ہے اور ان کے علاوہ 180 سیل پوائنٹس محکمہ بلدیات نے قائم کئے ہیں، ذیشان رفیق نے کہا کہ چوراسی کیٹل مارکیٹس اپنے مقررہ ایام پر فعال ہوتی ہیں۔صوبائی وزیر نے لاہور میں غیر قانونی سیل پوائنٹس کیخلاف کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران باقاعدگی کے ساتھ کیٹل سیل پوائنٹس کے دورے کرنے کی ہدایت دی۔انھوں نے کہا کہ لائیو سٹاک، میونسپل اور ضلعی افسران مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں، ابھی تک کسی سیل پوائنٹ پر مویشیوں کی بیماری یا ڈینگی کی شکایت نہیں ملی، عیدالاضحٰی پر صفائی انتظامات کیلئے گزشتہ سال سے بڑھ کر کام کریں گے، وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ماحول دوست ویسٹ بیگ تقسیم کرے گی، صوبہ بھر میں ایک کروڑ 16 لاکھ 98 ہزار ویسٹ بیگ تقسیم ہوں گے، وزیر بلدیات نے کہا کہ عید کے ایام میں 3 لاکھ 60 ہزار 657 ٹن ویسٹ جمع ہونے کا تخمینہ ہے، موجودہ ایچ آر ایک لاکھ 24 ہزار 672 کے ساتھ 15 ہزار 204 اضافی عارضی بھرتی ہوگی صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں دستیاب آلات کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 638 ہے، اضافی طور پر عید کے لئے ایک لاکھ 25 ہزار 794 آلات و مشینری کا انتظام ہوگا، پنجاب میں 3870 پرائمری کولیکشن سینٹر اور 4262 یو سی کیمپ قائم کئے گئے ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں 1661 اجتماعی قربان گاہیں بنائی جائیں گی اور مقامی منتخب نمائندوں کو بھی آگاہی مہم کے لئے اعتماد میں لیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تمام سرگرمیوں کی تفصیل فراہم کی جائے، ہر شہر اور یونین کونسل میں آگاہی کیمپ فعال کر دیے گئے، عملہ موجود رہے گا، ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے کنٹرول روم سے صفائی آپریشن کی نگرانی کرے گی۔صوبائی وزیر نے میونسپل کمیٹیوں کے دفاتر میں بھی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی جبکہ لاہور میں مرکزی کنٹرول روم مجموعی نگرانی کرے گا، وزیر بلدیات پنجاب نے کہا کہ صفائی کیلئے چونا استعمال کیا جا رہا ہے، عید کے بعد فینائل یا عرق گلاب کا سپرے ہوگا، اٹھائیس لاکھ 32 ہزار 734 کلوگرام چونے کا استعمال کیا جائے گا، وزیر بلدیات نے کہا کہ میڈیا نمائندوں کو تمام انتظامات پر اپ ڈیٹ رکھا جائے، صفائی پلان میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں، زیرو ٹالرنس ہوگا، انھوں نے ہدایت دی کہ ہر سرگرمی کے تصویری شواہد مرکزی کنٹرول روم کو بھیجے جائیں، ذیشان رفیق نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صفائی انتظامات کو چیلنج سمجھ کر نبرد آزما ہوں گے۔