اسلام آباد، 10جون(اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی کے ساتھ ساتھ حکومت نے اپنی مالی مشکلات کے باوجود سرکاری ملازمین کیلئے ریلیف اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
آج قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ گریڈ ایک سے 22 کے تمام ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز ہے، معذور ملازمین کیلئے خصوصی کنونس الائونس کو 4 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار ماہانہ کیا جا رہا ہے، آئین پاکستان میں مساوی حقوق سے متعلق دی گئی شق پر عملدرآمد کرتے ہوئے تنخواہوں میں موجود تفاوت کو ختم کیا جا رہا ہے اہل ملازمین کو 30 فیصد کی شرح سے ڈسپیرٹی ریڈکشن الائونس دینے کی تجویز ہے۔











