لاہور، 9 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ پی ٹی وی لاہور مرکز کے جنرل منیجر ڈاکٹر قیصر شریف کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ڈاکٹر قیصر شریف کے والد، چوہدری محمد شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد شریف ایک باوقار اور باکردار شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی زندگی سادگی، خدمت اور اصولوں کے ساتھ گزاری۔اس موقع پر عطا اللہ تارڑ نے ڈاکٹر قیصر شریف اور ان کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں، پوری وزارت اور ادارہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔بعد ازاں مرحوم چوہدری محمد شریف کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔