پارلیمانی سیکریٹری گل اصغر خان کا بجٹ اجلاس 2025-26 میں اظہار خیال: معاشی اصلاحات کی تعریف، سماجی تحفظ اور کسانوں کے لیے ریلیف کی تجاویز

1

اسلام آباد، 19 جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکریٹری گل اصغر خان نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ اجلاس 2025-26 کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور اصلاحات کی بدولت ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے، جن کے مثبت اور واضح نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو اہم فیصلے کیے ان کا مقصد ملک کی ترقی اور استحکام تھا۔ گل اصغر خان نے سیکٹوریل ریفارمز کو حکومت کا ایک بڑا اقدام قرار دیا اور کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد مستحق طبقات کا تحفظ ہے تاکہ انہیں معاشرتی لحاظ سے باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کسانوں کی فلاح کے لیے ایک جامع پیکج کے اعلان کی تجویز دی تاکہ کسان طبقے کو درپیش معاشی مسائل میں کمی آ سکے۔

انہوں نے بجٹ میں سولر پر لگائے گئے ٹیکسز کو واپس لینے کی تجویز پیش کی، تاکہ توانائی کے متبادل ذرائع عوام کے لیے زیادہ قابل رسائی ہو سکیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ای وی (الیکٹرک وہیکل) پالیسی متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دیا جا سکے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔

گل اصغر خان نے اپنے خطاب کے اختتام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔