پاکستان ریلویز ملکی معیشت، مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، وزیراعظم  شہباز شریف

3

‎اسلام آباد، 17 جون ( اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ‎  پاکستان ریلویز ملکی معیشت اور مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اورپاکستان ریلویز نقل و حمل کا ایک سستا، تیز اور ماحول دوست ذریعہ ہے ،‎ پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن اور اس کی ریکو ڈک تک توسیع سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی  صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے 2028 تک ریکو ڈک کو ریلوے لائن نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت کی۔

‎اجلاس میں مستقبل کی کارگو اور نقل و حمل کی ضروریات کے پیش نظر پاکستان ریلویز کی ترقی بشمول ML-1 اور ML-3 کی اپ گریڈیشن پر بریفنگ دی گئی  ۔

‎وزیراعظم نے ریلوے کی اپ گریڈیشن اور ترقی کے لیے فائنانسنگ کے حوالے سے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جبکہ ‎کمیٹی پاکستان ریلویز کی ترقی اور اس کی ریکو ڈک تک توسیع کے لیے درکار فائنانسنگ کے حوالے سے ٹھوس تجاویز پیش کرے گی۔

‎وزیراعظم نے مزید کہا کہ ریکو ڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے سے بلوچستان کے مائنز اینڈ منرلز شعبے کی ترقی ہو گی اور علاقے کے عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔