پنجاب میں گرین ٹرانسپورٹ کی جانب پیش قدمی، 2030 تک 30 فیصد نظام الیکٹرک پر منتقل ہوگا: بلال اکبر خان

4

لاہور، 11 جون (اے پی پی): وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب نیو انرجی وہیکل پالیسی 2025-30 پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں جاری ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ہدایت دی کہ عوامی مفاد میں جاری منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مقررہ مدت میں مکمل اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ پنجاب میں 2030 تک ایک جدید اور ماحول دوست گرین ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ “ہم پنجاب کے تمام اضلاع میں الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں، اور 2030 تک کم از کم 30 فیصد ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک نظام پر منتقل کرنا ہماری بڑی کامیابی ہو گی۔”انہوں نے مزید کہا کہ ای-بائیکس، ای-بسیں اور ای-ٹیکسی جیسے منصوبے جدید ترین سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب مضبوط قدم ہیں، جو نہ صرف شہریوں کو بہتر سروس مہیا کریں گے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا بھی ذریعہ بنیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب نیو انرجی وہیکل پالیسی پر مکمل عمل درآمد کیا جائے تو نہ صرف عوام کو جدید ٹرانسپورٹ ملے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی کو بھی شکست دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ ایک سے دو سال میں پنجاب کا ٹرانسپورٹ نظام مثالی حیثیت حاصل کر لے گا، جو باقی صوبوں کے لیے بھی نمونہ بنے گا۔