اسلام آباد،12 جون ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس بروز جمعرات منعقد ہوا۔
اجلاس میں ممبر پلاننگ، ممبر فنانس، ڈی جی پلاننگ، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول، ڈی جی اسپیشل پراجیکٹس، ڈی جی لاء، ڈی جی اسلام آباد واٹر، ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کے آپریشن کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں بلا تفریق قانون کے مطابق غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ تاکہ سی ڈی اے تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کر سکے۔
اجلاس میں اربن ری جنریشن پلان اور اس کے تحت شہریوں کو جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔چیرمین سی ڈی اے نے پلاننگ ونگ کو اس سلسلہ میں مناسب منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں شہریوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے، نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں کمرشل سینٹرز اور اپارٹمنٹ کی تعمیر کے حوالے سے پلاننگ ونگ کو اس سلسلہ میں مناسب منصوبہ بندی خصوصا سیکٹرز کے مراکز میں تعمیر کرنے کی ہدایت کی گئی۔