لاہور، 8 جون (اے پی پی): عید الاضحی کے دوسرے روز کمشنر لاہور زید بن مقصود نے شہری خدمات سرانجام دینے والے عملے اور بے سہارا بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹ کر ایک خوبصورت مثال قائم کی۔کمشنر لاہور نے کینال کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی انفورسمنٹ ورکرز اور ٹریفک پولیس اہلکاروں میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ: “عید کے دن بھی فرائض سرانجام دینے والے یہ ورکرز قابلِ تحسین ہیں۔”بعدازاں، زید بن مقصود نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو شالیمار کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا اور انہیں عید کے تحائف اور کھلونے پیش کیے۔ بچوں سے گپ شپ کرتے ہوئے کمشنر لاہور کا کہنا تھا: “ہماری اصل عید تو اب ہوئی ہے۔”انہوں نے بچوں کو گلے لگایا، پیار دیا اور ان کی معصوم باتوں کا مسکرا کر جواب دیا۔ کمشنر لاہور نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”عید کے دن ان معصوم چہروں کو خوش دیکھنا سب سے بڑی خوشی ہے۔”زید بن مقصود نے چائلڈ پروٹیکشن اسکول کا بھی معائنہ کیا اور بیورو میں مقیم بچیوں سے خصوصی ملاقات کی۔ انہوں نے مزید کہا: “خوش قسمت ہوں کہ عید کا دن ان بچوں کے ساتھ گزارنے کا موقع ملا۔ حقیقی خوشی انہیں خوشیوں میں شامل کرنا ہے۔”آخر میں کمشنر لاہور نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی انتظامیہ کو بہترین دیکھ بھال پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔”











